صدر آصف زرداری سے مسعود پزشکیان کی ملاقات،علاقائی امن کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، علاقائی امن، اقتصادی تعاون اور باہمی روابط کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی صدر کو سلامی پیش کی۔بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس کے دوران ایرانی صدر نے یادگاری طور پر پودا بھی لگایا۔