لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری لاہور کے دورے کے دوران چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ ظہور پیلس پہنچے، جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور قومی معاملات پر گفتگو ہوئی۔ چوہدری شجاعت حسین نے اپنی رہائش گاہ آمد اور خیریت دریافت کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
اس ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔

صدر آصف علی زرداری دو روزہ دورے پر لاہور پہنچے ہیں۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
ملاقات سے قبل ذرائع ابلاغ میں نئے صوبوں کے قیام، ممکنہ ریفرنڈم اور آئینی ترامیم سمیت اہم قومی معاملات پر مشاورت کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے تھے، تاہم ملاقات کے بعد جاری سرکاری اعلامیے میں ان مخصوص موضوعات کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

