لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن نورین نیازی کو طبیعت خراب ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا۔
نورین نیازی کے وکیل رانا مدثر عمر کے مطابق انہیں جیل میں دل میں تکلیف کی شکایت ہوئی، جس کے بعد جیل کے ڈاکٹروں کی سفارش پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ وکیل نے بتایا کہ نورین نیازی کو بدھ کی شام تقریباً 7 بج کر 30 منٹ پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کے ابتدائی طبی معائنے اور ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
وکیل کے مطابق نورین نیازی کی طبیعت خراب ہونے اور اسپتال منتقلی کے بارے میں اہلِ خانہ کو اطلاع نہیں دی گئی۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ جیل میں عمران خان کی بہنوں کو ادویات اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب جیل کے ایک سینئر افسر نے ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیا فراہم نہ کیے جانے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تینوں خواتین کو ضروری اشیا اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کی بہنوں نورین نیازی، علیمہ خان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو ستمبر میں پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کی نظر بندی میں30 روز کی توسیع بھی کی گئی ہے۔

