جنوبی افریقا میں تارکینِ وطن مخالف مظاہرے، 510 فوجی تعینات کردئیے گئے

ڈربن (رائٹرز، اے پی)جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں تارکینِ وطن مخالف مظاہروں کے پیشِ نظر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 510 سے زائد فوجی تعینات کر دیے گئے۔

فوجیوں کی تعیناتی گزشتہ ہفتے ایک غیر ملکی شہری کے قتل کے بعد عمل میں آئی، جسے تقریباً 50 مشتعل افراد کے ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا تھا۔

رواں ماہ ڈربن اور جوہانسبرگ کے علاقے سوویٹو میں تارکینِ وطن مخالف احتجاج کے دوران دکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات بھی پیش آئے۔

جنوبی افریقا میں کشیدگی کی تازہ لہر سپریم کورٹ کی جانب سے ایک ایسی قانونی شق ختم کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے جو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونیوالے تارکینِ وطن کو پناہ کی درخواست دینے سے روکتی تھی۔