گورنرز کپ گالف میں نامور کھلاڑی ٹائٹل کیلئے مدمقابل

ملت ٹریکٹر کے سی ایس آر پروگرام کے تحت کھیل سمیت مختلف شعبوں
میں فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں:چیف ایگزیکٹو احسن عمران

ملت ٹریکٹرز گورنرز کپ گالف چیمپئن شپ لاہور جمخانہ گالف کورس میں ملک کے صف اول کے گولفرز، تجربہ کار سینئرز اور پرعزم خواتین کھلاڑی سرفہرست اعزازات کیلئے میدان میں اترنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

یہ چیمپئن شپ انتہائی سازگار موسمی حالات میں منعقد ہو رہی ہے، جو شرکاء کو اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کرنے کے لیے ایک شاندار ماحول فراہم کرے گی۔ خواتین کے مقابلے 29 اکتوبر کو ہوں گے، جن میں تقریباً 33 خواتین گولفرز کی شرکت متوقع ہے۔ سینئرز کے مقابلے 29 اور 30 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ مردوں کی چیمپئن شپ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تین روز تک جاری رہے گی۔

نیٹ ایونٹس، جن میں کھلاڑیوں کو ہینڈی کیپ الاؤنسز دیے جاتے ہیں کے انتہائی سخت اور کانٹے دار ہونے کی توقع ہے کیونکہ تمام حریف اپنی تیاریوں اور مشقوں کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ مردوں کی مرکزی ٹرافی سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں نمایاں گولفرز نعمان الیاس، قاسم علی خان اور علی ظفر انم مایہ ناز کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو ٹائٹل کے لیے زبردست چیلنج پیش کریں گے۔ خواتین کا شعبہ بھی انتہائی مسابقتی کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہے، جہاں تمام شرکاء اس چیمپئن شپ میں اپنی دھاک بٹھانے کے لیے بے تاب ہیں۔

ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز نے مقابلوں کے معیار کے حوالے سے انتہائی خوشی اور امید کا اظہار کرتے ہوئے ایک ایسے ایونٹ کی پیشگوئی کی ہے جو سنسنی اور یادگار پرفارمنس سے بھرپور ہوگا۔ چیمپئن شپ کی تفصیلات پر ایک پریس کانفرنس میں تبادلہ خیال کیا گیا جس میں جمخانہ گالف کیپٹن احسن خواجہ، کنوینر واجد عزیز اور ملت ٹریکٹر کے چیف ایگزیکٹو احسن عمران نے شرکت کی، جنہیں اس ایونٹ کے لیے ان کے تعاون پر سراہا گیا جبکہ اجلاس میں خواجہ پرویز سعید بھی موجود تھے۔

اس چیمپئن شپ سے لاہور کے تاریخی گالف وینیوز میں سے ایک پر مختلف کیٹگریز کے گولفرز کئی دنوں تک جاری رہنے والے شاندار مقابلوں کیلئےیکجا ہوں گے۔