مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) کینیڈا کی معروف قانونی فرم عالم لا ایسوسی ایٹس نے پاکستان میں قانونی تعلیم کے فروغ اور مستحق طلبہ کی معاونت کیلئے سرسید یونیورسٹی کراچی کو 50 ہزار امریکی ڈالر، تقریباً ایک کروڑ پاکستانی روپے، کا عطیہ پیش کردیا۔ عطیے کی رقم یونیورسٹی میں نئے شعبۂ قانون کی عمارت کی تعمیر اور مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم جاری نہ رکھ پانے والے ذہین و مستحق طلبہ کو وظائف فراہم کرنے کیلئے استعمال کی جائے گی۔ یہ رقم ہیلپ می پراجیکٹس کینیڈا کے ذریعے یونیورسٹی تک پہنچائی جائے گی۔
اس سلسلے میں عالم لا کے مرکزی دفتر مسی ساگا میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ، سینیٹر سلمیٰ عطااللہ جان، ہیلپ می پراجیکٹس کینیڈا کی نمائندہ سبینہ عارفین، عالم لا کے بانی اور سینئر بیرسٹر محمد احمد عالم، منیجنگ بیرسٹر ایم آفتاب عالم، بیرسٹر و سالیسیٹر جاوید عالم، قانونی شعبے سے وابستہ شخصیات اور کمیونٹی کے دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت عطیہ صدیقی نے انجام دی۔
تقریب کی نظامت کرتے ہوئے عطیہ صدیقی نے بتایا کہ سرسید یونیورسٹی کراچی کے شعبۂ قانون کیلئے مجموعی طور پر 50 ہزار امریکی ڈالر کا عطیہ دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق کمیونٹی کے افراد نے تقریباً 25 ہزار ڈالر جمع کیے، جبکہ محمد احمد عالم نے عالم لا کی جانب سے اتنی ہی رقم فراہم کرکے عطیے کو 50 ہزار ڈالر تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ محمد احمد عالم نے کمیونٹی کے افراد کو عطیات دینے کیلئے متحرک کیا اور پھر ان کے عطیات کے برابر رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں ایک کروڑ پاکستانی روپے کے مساوی رقم سرسید یونیورسٹی کے شعبۂ قانون کیلئے مختص ہوئی۔
ہیلپ می پراجیکٹس کینیڈا کی نمائندہ سبینہ عارفین نے اپنے خطاب میں عالم لا کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ اس رقم کو سرسید یونیورسٹی تک پہنچانے کا ذریعہ ہے، جبکہ عطیہ جمع کرنے کی اصل محنت اور کوشش محمد احمد عالم اور ان کی ٹیم نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کاروباری ادارے کا اپنی معاشرتی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے تعلیم اور فلاحی منصوبوں کیلئے عملی اقدامات کرنا قابلِ تحسین ہے۔
سبینہ عارفین کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تمام افراد خوش حال نہیں ہیں بلکہ یہاں بھی ایسے افراد اور خاندان موجود ہیں جنہیں مختلف شعبوں میں معاونت کی ضرورت ہے۔ عالم لا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ساتھ کینیڈا میں بھی کمیونٹی کی مدد کا جذبہ قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو اپنے وطن میں تعلیم اور ترقی کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔
عالم لا کے بانی اور سینئر بیرسٹر محمد احمد عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرسید یونیورسٹی کراچی کے شعبۂ قانون کیلئے تعاون کا خیال انہیں فہد حنظہ کی ترغیب سے آیا، جنہوں نے انہیں اپنے تعلیمی ادارے کیلئے کچھ کرنے کی تحریک دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایسے بے شمار باصلاحیت نوجوان موجود ہیں جو قانونی تعلیم حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن ان کے والدین مہنگے اور معیاری تعلیمی اداروں کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ ایسے طلبہ کو مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ بھی وکالت کے شعبے میں اپنا مستقبل بنا سکیں۔

محمد احمد عالم نے بتایا کہ انہوں نے اس مقصد کیلئے اپنے پیشہ ورانہ حلقے، سینئر وکلا اور دیگر دوستوں سے رابطہ کیا اور انہیں پاکستان کے معاشرتی حالات اور مالی مشکلات کے باعث تعلیم جاری نہ رکھ پانے والے طلبہ کی صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خصوصاً ایسے کینیڈین دوستوں اور قانونی ماہرین کو تعاون کی دعوت دی جن کا تعلق پاکستانی کمیونٹی سے نہیں تھا، تاکہ وہ بھی پاکستان کے طلبہ کی مشکلات کو سمجھ سکیں اور اس تعلیمی منصوبے میں اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے تعاون کرنے والے وکلا، ثالثوں اور دیگر دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد افراد نے ان کی اپیل پر مالی معاونت فراہم کی۔ ان کے مطابق ندیم شیخ نے 3 ہزار ڈالر جبکہ کئی دیگر معاونین نے 1,500 ڈالر فی کس عطیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انفرادی تعاون بظاہر ایک بڑے منصوبے کے مقابلے میں محدود دکھائی دے سکتا ہے، لیکن اجتماعی کوشش سے ایک اہم تعلیمی مقصد حاصل کیا جاسکتا ہے۔

منیجنگ بیرسٹر ایم آفتاب عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالم لا صرف قانونی خدمات فراہم کرنے والا ادارہ نہیں بلکہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور معاشرے کو کچھ واپس لوٹانے پر بھی یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرم نے کینیڈا میں مستحق طلبہ کی تعلیمی معاونت، مقامی اسپتالوں اور خوراک فراہم کرنے والے مراکز کیلئے عطیات دینے سمیت مختلف فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔
انہوں نے پاکستان خصوصاً کراچی میں صاف پانی کی فراہمی اور مستحق طلبہ کی مدد کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خاندان کی جانب سے پاکستان کے علاوہ بھارت اور نیپال میں بھی فلاحی کاموں، بالخصوص بچیوں کی تعلیم کیلئے معاونت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کی دعاؤں، کمیونٹی کے تعاون اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے وہ فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور آئندہ بھی معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ نے عالم لا ایسوسی ایٹس اور عطیہ دینے والے دیگر معاونین کے اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم اور ملک کی ترقی کی بنیاد ہے، تاہم حکومتی وسائل ہمیشہ تمام ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی نہیں ہوتے، اس لیے مخیر حضرات، سول سوسائٹی اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو تعلیمی اداروں کی معاونت کیلئے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس عطیے سے ایسے باصلاحیت طلبہ کو وظائف فراہم کیے جائیں گے جو مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم جاری رکھنے سے محروم رہ سکتے ہیں۔ ہمیں شاید فوری طور پر معلوم نہ ہو کہ اس رقم سے کتنے طلبہ مستفید ہوں گے، لیکن اگر ایک طالب علم بھی اس تعاون کی بدولت اپنی تعلیم مکمل کرکے زندگی میں کامیابی حاصل کرلیتا ہے تو یہ عطیہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوگا۔ تاہم ان کے بقول عطیے کی خطیر رقم سے یقیناً بڑی تعداد میں طلبہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔
قونصل جنرل نے قرآنِ مجید کی تعلیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مال و دولت میں محروم اور ضرورت مند افراد کا حق بھی مقرر کیا ہے۔ اسی جذبے کے تحت عالم لا کی ٹیم اور دیگر معاونین نے اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کسی بھی ملک کی آئندہ نسلوں کو سنوارنے اور وطن کی ترقی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے معاشرے کے صاحبِ ثروت افراد اور اداروں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہیے۔
خلیل احمد باجوہ نے اپنی تعلیمی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھے تو اس وقت ماہانہ فیس چند سو روپے ہوا کرتی تھی۔ اسی تعلیمی نظام اور اداروں نے انہیں اور ان جیسے ہزاروں، لاکھوں طلبہ کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا۔ اب جب سابق طلبہ عملی زندگی میں مختلف عہدوں اور شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں تو ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں کو واپس لوٹائیں اور ان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے ایک دوسرے تعلیمی ادارے کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں سرکاری فنڈنگ اور بجٹ میں مشکلات پیدا ہوئیں تو ادارے کے سابق طلبہ نے فنڈز جمع کرنے کی مہم شروع کی۔ اس مہم کے نتیجے میں صرف 4 برس کے دوران سابق طلبہ نے ایک ارب 27 کروڑ پاکستانی روپے جمع کیے، جن میں زیادہ تر حصہ بیرونِ ملک مقیم سابق طلبہ کا تھا، جبکہ پاکستان میں موجود سابق طلبہ نے بھی تعاون کیا۔ ان کے مطابق اس رقم سے ایک مستقل وقف فنڈ قائم کیا گیا، جس کی اصل رقم خرچ نہیں کی جاتی بلکہ اس سے حاصل ہونے والے منافع کے ذریعے مستحق طلبہ کو وظائف فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس نظام کیلئے باقاعدہ انتظامی ڈھانچہ اور حسابات کی جانچ پڑتال کا طریقہ موجود ہے، جس کے باعث یہ ایک کامیاب اور دیرپا ماڈل بن چکا ہے۔
قونصل جنرل نے سرسید یونیورسٹی کراچی کے سابق طلبہ کو بھی اس ماڈل کا مطالعہ کرنے اور اپنے ادارے کیلئے ایسا ہی نظام تشکیل دینے کے امکانات کا جائزہ لینے کی پیشکش کی۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی کمیونٹی پر فخر ہے، کیونکہ مختلف ممالک اور شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے باوجود پاکستانی اپنے وطن اور ان تعلیمی اداروں کو نہیں بھولے جہاں سے انہوں نے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے سرسید احمد خان کو برصغیر کے مسلمانوں کا محسن اور اپنے زمانے سے کئی دہائیاں آگے کی سوچ رکھنے والا رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ علی گڑھ تحریک نے مسلمانوں کی تعلیمی اور اجتماعی تاریخ کا دھارا بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سلمیٰ عطااللہ جان نے کہا کہ بیرونِ ملک دورے سے واپسی پر تھکن کے باوجود انہوں نے اس تقریب میں شرکت کو ضروری سمجھا، کیونکہ زندگی میں بعض کام آرام کرنے سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے عالم لا اور محمد احمد عالم کی جانب سے کمیونٹی اور تعلیم کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاحبِ ثروت افراد بہت ہوتے ہیں، لیکن ہر کوئی اپنا دل کھول کر ضرورت مندوں کی مدد نہیں کرتا۔ جو لوگ اپنے وسائل کو دوسروں کی بہتری کیلئے استعمال کرتے ہیں، وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتے ہیں۔
سینیٹر سلمیٰ عطااللہ جان نے تعلیم کو آزادی اور خودمختاری کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ڈگری حاصل کرنا بھی اہم ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ فرد اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں لڑکیوں کی تعلیم پر زور دینا ضروری ہے، لیکن لڑکوں کی تعلیم اور ان کی سوچ میں تبدیلی بھی اتنی ہی اہم ہے۔ ان کے مطابق وہ مردوں کی سوچ میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتی ہیں تاکہ خواتین کو تعلیم حاصل کرنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے خاندان کی مکمل حمایت حاصل ہوسکے۔
انہوں نے اپنی زندگی کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مستحق طالبہ الٹراساؤنڈ ٹیکنیشن بننا چاہتی تھی اور انہوں نے اس کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کی ذمہ داری قبول کی۔ تاہم انہوں نے طالبہ کے والدین سے یہ شرط رکھی کہ اس کی شادی کرنے سے پہلے ہونے والے شریکِ حیات سے ان کی ملاقات کرائی جائے، کیونکہ ان کے خیال میں لڑکیوں کو تعلیم دلانے کے بعد ایسے رشتوں میں نہیں باندھ دینا چاہیے جہاں ان کی تعلیم اور صلاحیتوں کی قدر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس ایک طالبہ کی زندگی میں آنے والی تبدیلی سے اس کے خاندان اور اردگرد کے لوگوں کی زندگیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے۔
سینیٹر نے اپنی بیٹی کی مثال دیتے ہوئے پاکستان کی سپریم کورٹ میں شہریوں کی درخواستوں پر جواب دینے کے عمل کو بھی سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے ٹورنٹو یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور پاکستان کی سپریم کورٹ میں انٹرن شپ کی، جہاں شہریوں کی درخواستوں کو اہمیت دینے اور ان کا جواب دینے کے طریقۂ کار سے وہ متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر بعض اوقات پاکستان کے اداروں میں ہونے والے اچھے کاموں کا اعتراف نہیں کیا جاتا، حالانکہ وہاں بھی بہت سے مثبت اقدامات جاری ہیں۔
سینیٹر سلمیٰ عطااللہ جان نے پاکستان اور کینیڈا سے اپنے تعلق کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وہ ماں ہے جس نے انہیں جنم دیا، جبکہ کینیڈا وہ ماں ہے جس نے انہیں سنبھالا اور سہارا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی استطاعت کے مطابق اپنے وطن کیلئے کام کرتے ہیں اور اپنے آبائی ملک کو کبھی نہیں بھولتے۔ انہوں نے اس اہم فلاحی تقریب کا حصہ بنانے پر منتظمین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکا نے پاکستان میں قانونی تعلیم کے فروغ، شعبۂ قانون کی تعلیمی سہولتوں میں اضافے اور مالی مشکلات کے شکار باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے عالم لا ایسوسی ایٹس کے اس اقدام کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ عالم لا کے بانی اور سینئر بیرسٹر محمد احمد عالم، منیجنگ بیرسٹر ایم آفتاب عالم اور بیرسٹر و سالیسیٹر جاوید عالم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کمیونٹی کی فلاح اور تعلیمی ترقی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

