عمران خان سے طلاق کے 22 سال بعدجمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی

لندن (ٹٹلر، دی ٹائمز، ڈیلی میل) سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ، فلم ساز اور پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے آسٹریلوی نژاد فنانسر کیمرون او ریلی سے شادی کرلی۔

برطانوی جریدے ٹٹلر کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ اور کیمرون او ریلی کی شادی قریبی اہل خانہ کی موجودگی میں ہوئی، جبکہ جمیما کی بھابھی جمائما جونز نے شادی کے موقع پر اپنے شوہر اور جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے خوشی کا دن قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق جمائما اور کیمرون او ریلی کی ملاقات فلموں اور دستاویزی پروگراموں سے متعلق کام کے دوران ہوئی تھی۔ دونوں ایک سال سے زائد عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے اور مئی 2026 میں ان کی منگنی کی خبر سامنے آئی تھی۔

52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ اس سے قبل پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان سے شادی شدہ تھیں۔ دونوں کی شادی 1995 میں ہوئی تھی اور 2004 میں علیحدگی ہوگئی۔ ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ فلم اور ٹیلی وژن کی معروف پروڈیوسر اور مصنفہ ہیں۔ ان کے نمایاں کاموں میں ’دی کلنٹن افیئر‘، ’امریکن کرائم اسٹوری‘ اور فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو وِد اِٹ؟‘ شامل ہیں۔

کیمرون او ریلی 62 سالہ آسٹریلوی نژاد فنانسر اور کاروباری شخصیت ہیں۔ وہ میڈیا کاروباری شخصیت اور سابق بین الاقوامی رگبی کھلاڑی سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔ کیمرون نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں کام کیا۔