غذر:18ویں ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ پنجاب کو ہوا: بلاول بھٹو

غذر / گلگت بلتستان(نمائندگان)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے سب سے زیادہ فوائد پنجاب کو ملے، اور اگر کچھ سیاسی قوتیں ان آئینی و مالیاتی تحفظات کو تسلیم کرنے کیلئےتیار نہیں تو وہ عوام کے آئینی اور مالی حقوق پر سمجھوتہ کر رہی ہیں۔

گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی وسائل اور حقوق کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، اور بعض جماعتیں صوبوں کے حقوق کو نظرانداز کرنے کی پالیسی رکھتی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ نے ملک کے چاروں صوبوں میں ترقی کے مواقع پیدا کیے، تاہم کچھ سیاسی جماعتیں ان اصلاحات کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر پیپلز پارٹی کو عوامی مینڈیٹ ملتا ہے تو گلگت بلتستان میں زمین کی ملکیت، روزگار اور صحت کے شعبوں میں بڑی اصلاحات کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت عوام کو مالکانہ حقوق دینے اور ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کا ریکارڈ رکھتی ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پارٹی کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوامی حقوق کا تحفظ ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان میں ان کی جماعت کی حکومت بنے تاکہ ترقیاتی وعدوں پر عملدرآمد کیا جا سکے۔