غزہ (عرب میڈیا، حماس)حماس نے غزہ کی حکومتی باڈی تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہری انتظام و انصرام کے لیے ایک ٹیکنوکریٹ قومی کمیٹی کے قیام کی راہ ہموار کر دی ہے۔
حماس کے حکومتی میڈیا دفتر کے سربراہ اسماعیل الثوابتہ کے مطابق ایمرجنسی کمیٹی کے سربراہ محمد الفرا نے باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے، جس کے بعد انتظامی اور حکومتی اختیارات کی منتقلی کو آسان بنانے کے لیے کمیٹی کو بھی تحلیل کر دیا گیا۔
عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان نے کہا کہ اب معاملہ ثالثوں کے ہاتھ میں ہے اور یہ اقدام غزہ میں ٹیکنوکریٹ قومی کمیٹی کے قیام کے لیے ماحول سازگار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے ضامن ممالک اور امریکی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائیں، جبکہ حماس اپنی ذمہ داریاں پوری کر چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق اب ثالثوں کو چاہیے کہ وہ فریقین پر زور دیں تاکہ قومی کمیٹی کو غزہ میں انتظامی امور سنبھالنے کی اجازت دی جا سکے۔
حماس نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل جھوٹے پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے معاہدے کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ غزہ میں جارحیت کے خاتمے کے بعد حماس کسی بھی انتظامی نظام کا حصہ بننے کی خواہش مند نہیں۔

