غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، مزید 7 فلسطینی شہید

غزہ( فلسطینی وزارتِ صحت)غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید 7 فلسطینی شہید جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

وزارتِ صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 7 شہداء کی لاشیں اور 28 زخمیوں کو غزہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں مسلسل بمباری اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کے باعث امدادی اور ایمبولینس ٹیموں کو وہاں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 1,098 فلسطینی شہید جبکہ 3,530 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 73 ہزار 221 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 73 ہزار 643 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ شہداء اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور امدادی ٹیمیں تمام متاثرہ علاقوں تک نہیں پہنچ سکیں۔