غزہ ( عرب میڈیا)غزہ سٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملے میں کم از کم 7 فلسطینی شہید جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق واقعہ غزہ شہر کے ایک پناہ گزین کیمپ میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ رپورٹ کے مطابق علاقے پر دو میزائل داغے گئے، جن کے نتیجے میں تقریب میں شریک افراد شدید متاثر ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے بعد علاقے میں شدید افراتفری پھیل گئی جبکہ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمیوں و جاں بحق افراد کو ملبے سے نکالا گیا۔طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں اور شہداء کو فوری طور پر الشفا اسپتال اور قریبی فیلڈ اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔عرب میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے کے نیچے مزید افراد دبے ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

