فرانس: شدید گرمی کی لہر سے ہلاکتوں کی تعداد 18 تک پہنچ گئی

پیرس( اے ایف پی، الجزیرہ، بی بی سی)فرانس میں شدید گرمی کی لہر کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہو گئی ہے، جبکہ ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔

حکام کے مطابق جنوبی فرانس کے ایک قصبے میں ایک گاڑی کے اندر دو کم عمر بچے مردہ پائے گئے جن کی عمریں 2 اور 4 سال تھیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ان کی موت کی وجہ شدید گرمی قرار دی جا رہی ہے۔

اس سے قبل گرمی کی شدت کے باعث تین معمر افراد بھی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔مزید یہ کہ گزشتہ روز مختلف مقامات پر تیراکی کے تالابوں اور پانی والی جگہوں پر نہاتے ہوئے 13 افراد ڈوب کر ہلاک ہوئے، جس سے مجموعی اموات میں اضافہ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کئی علاقوں میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی یہ لہر آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہ سکتی ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔