پیرس(اے ایف پی، رائٹرز)فرانس کے مشرقی علاقے نینسی کے قریب ایک چھوٹا اسکائی ڈائیونگ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہوگئے۔خبر رساں اداروں کے مطابق حادثہ ٹیک آف کے چند ہی منٹ بعد پیش آیا۔ طیارے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق مسافروں میں ایسے افراد بھی شامل تھے جو پہلی بار ٹینڈم اسکائی ڈائیونگ کا تجربہ کرنے جا رہے تھے، جبکہ بعض میڈیا رپورٹس میں تربیتی نرسوں کی موجودگی کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاہم اس کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ جرمنی میں رجسٹرڈ پی سی۔6 پیلاٹس تھا، جسے ایک نجی کمپنی نے ابتدائی پیراشوٹ جمپ کے لیے کرائے پر حاصل کیا تھا۔حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔

