لندن (رائٹرز، اے ایف پی، اقوام متحدہ)برطانیہ کے 80 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف مبینہ نسل کشی کے معاملے پر وزیراعظم اینڈی برنہم سے اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم کو لکھے گئے ایک کھلے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اقوام متحدہ کے آزاد تحقیقاتی کمیشن کے ان نتائج کو تسلیم کرے جن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
خط میں وزیراعظم اینڈی برنہم سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کی 2024 کی مشاورتی رائے پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کریں، جس میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے فوری انخلا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ارکان پارلیمنٹ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سفارشات کی روشنی میں اسرائیل کے خلاف مؤثر اقدامات کرے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے واضح مؤقف اختیار کرے۔

