فلوریڈا:صدر ٹرمپ سے متعلق متنازع تصفیے کی عدالتی جانچ کا حکم

فلوریڈا (اے پی، رائٹرز، اے ایف پی، سی این این)امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی محکمۂ انصاف کے درمیان ہونے والے متنازع تصفیے کی عدالتی جانچ کا حکم دے دیا۔

جج نے یہ فیصلہ 35 ریٹائرڈ وفاقی ججوں کی جانب سے دائر درخواست پر کیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مذکورہ معاہدہ ممکنہ طور پر عدالت کو گمراہ کرنے یا غیر شفاف طریقۂ کار پر مبنی ہو سکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصفیہ امریکی محکمہ محصولات کے خلاف دائر 10 ارب ڈالر مالیت کے مقدمے کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے یہ مقدمہ اس الزام کے تحت دائر کیا تھا کہ ان کے ٹیکس ریکارڈز غیر قانونی طور پر افشا کیے گئے، جس کے نتیجے میں خفیہ مالی معلومات ذرائع ابلاغ تک پہنچیں۔تصفیے کے تحت تقریباً ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کا ایک فنڈ قائم کرنے کی تجویز دی گئی تھی، جس کا مقصد مبینہ طور پر سیاسی بنیادوں پر سرکاری اداروں کی کارروائیوں کا نشانہ بننے والے افراد کو معاوضہ فراہم کرنا تھا۔

معاہدے پر ابتدا ہی سے شدید تنقید کی جا رہی تھی، ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ فنڈ غیر معمولی، غیر شفاف اور ممکنہ طور پر سیاسی مقاصد کیلئےاستعمال کیا جا سکتا ہے۔عدالت کی جانب سے جانچ کے حکم کے بعد اس متنازع معاہدے کی قانونی اور انتظامی حیثیت مزید scrutiny کے دائرے میں آ گئی ہے اور آئندہ سماعتوں میں اس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔