لاہور،اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 5.9 شدت کا زلزلہ

اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جبکہ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور گرد و نواح، راولپنڈی، لاہور، میانوالی، چکوال اور جھنگ سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

خیبر پختونخوا میں شانگلہ، بونیر، مردان، چارسدہ، سوات، صوابی، کوہاٹ، کرک، ملاکنڈ، باجوڑ، ہنگو، لوئر دیر، جنوبی وزیرستان اور وانا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پشاور میں زلزلے کے باعث صوبائی اسمبلی کا اجلاس پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، جن میں وادی نیلم، آٹھ مقام، مظفرآباد اور گرد و نواح شامل ہیں، میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 178 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کا علاقہ تھا۔ زلزلے کے جھٹکے شام 6 بج کر 35 منٹ پر محسوس کیے گئے۔یورپی زلزلہ مرکز نے بھی افغانستان کے ہندوکش ریجن میں زلزلے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی شدت 6.0 ریکارڈ کی۔

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، متعلقہ انتظامیہ عمارتوں کا جائزہ لینے میں مصروف ہے جبکہ کنٹرول روم اور پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فعال کر دیا گیا ہے۔