لاہور (نمائندہ خصوصی) لیڈی ولنگٹن اسپتال لاہور کے گائنی آپریشن تھیٹر میں ہونے والے مبینہ غیر پیشہ ورانہ رویے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد ایم ایس اسپتال اور ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور محکمہ صحت نے معاملے کی سخت تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ویڈیو میں دیکھا گیا کہ گائنی تھیٹر میں دو سی سیکشن آپریشنز کے دوران ڈاکٹروں نے اپنے آپریشنز کو مقابلے کی صورت میں پیش کیا اور عملے نے یہ ویڈیو بنائی جس سے مریضوں کی پرائیویسی اور طبی اخلاقیات کی خلاف ورزی ہو گئی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے لیڈی ولنگٹن اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرح انعام اور گائنی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ارمہ حسین کو تین دن میں جواب جمع کرانے کے احکامات دے دیے گئے ہیں جبکہ چار پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں ڈاکٹر طیبہ فاطمہ طور، ڈاکٹر ماہم امین، ڈاکٹر زینب طاہر اور ڈاکٹر عائشہ افضل کی ٹریننگ معطل کر کے انہیں متعلقہ محکمہ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ایسے اقدامات طبی اخلاقیات، مریض کی عزت اور پیشہ ورانہ معیارات کی صریح خلاف ورزی ہیں، اور اس پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔محکمہ صحت کے سیکریٹری عظمت محمود نے بھی ویڈیو بنانے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے اور کہا ہے کہ اگر تسلی بخش جواب موصول نہ ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف مزید کارروائی کی جائیگی۔

