لاہور :مرکزی مسلم لیگ کا مریم نواز کو قانونی نوٹس، 7 روز میں معافی مانگنے کا مطالبہ

لاہور (این این آئی) پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پارٹی کے خلاف مبینہ بے بنیاد اور ہتک آمیز الزامات عائد کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا، جس میں 7 روز کے اندر غیر مشروط معافی مانگنے اور سوشل میڈیا سے متعلقہ پوسٹس اور ویڈیوز حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قانونی نوٹس مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایت پر وکیل محمد عامر حبیب کے ذریعے بھجوایا گیا۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس اور ذرائع ابلاغ پر بیانات میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو مبینہ طور پر ’’غیر قانونی جماعت‘‘ اور ’’دہشت گرد جماعت‘‘ قرار دیا، جو پارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف ہتک آمیز الزامات ہیں۔

نوٹس کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022ء سے سیاسی و فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔ جماعت نے 2024ء کے عام انتخابات میں انتخابی نشان ’’کرسی‘‘ پر حصہ لیا تھا، جبکہ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں کے علاوہ تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں میں بھی حصہ لیا۔

قانونی نوٹس میں 8 نومبر 2026ء کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ مرکزی مسلم لیگ دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی، اس لیے ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت کو ٹھوس قانونی بنیاد کے بغیر دہشت گرد قرار دینا سنگین معاملہ ہے۔

جماعت نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے الزامات واپس لیں، ایکس سمیت سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز سے متعلقہ پوسٹس، ویڈیوز اور مواد حذف کریں اور پارٹی قیادت، عہدیداران، کارکنوں اور حامیوں سے اسی پلیٹ فارم پر غیر مشروط تحریری اور عوامی معافی مانگیں۔

نوٹس میں یہ تحریری یقین دہانی بھی طلب کی گئی ہے کہ آئندہ اس نوعیت کے بیانات نہ دہرائے جائیں گے اور نہ ہی کسی دوسرے ذریعے سے پھیلائے جائیں گے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اگر 7 روز کے اندر مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو پاکستان مرکزی مسلم لیگ اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے متعلقہ قوانین کے تحت دیوانی اور فوجداری کارروائی شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔