لیبیا کشتی حادثہ، 35 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق نہ ہوسکی، باجوڑ کے 25 نوجوانوں کے نام سامنے آگئے

لیبیا (ایجنسیاں)لیبیا میں تارکینِ وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں ضلع باجوڑ کے 35 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم ان کی ہلاکتوں کی سرکاری یا آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ متاثرہ خاندانوں اور متعلقہ ایجنٹوں کی جانب سے اب تک 25 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

میڈیاکے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے باجوڑ کے نوجوانوں کے موصولہ ناموں میں وحید اللہ ولد اقبال سکنہ ڈاگ قلعہ، راحت اللہ ولد ملنگ جان سکنہ چوترہ، فزیر اللہ ولد جانجا سکنہ چوترہ، نعمت اللہ ولد امیر زمان سکنہ چوترہ، شیراد ولد سید خان سکنہ چوترہ، عبدالمنان ولد سرور خان سکنہ پشت، اظہار الحق ولد شہاب الدین سکنہ بارو، منصور ولد رویدار سکنہ نختَر، ارشاد ولد محمد وزیر سکنہ نختَر، عارف ولد اکرام سکنہ لرخوزو، ذاکر ولد ظاہر سکنہ خلوزو، سلیمان ولد لعل جان سکنہ لغڑے، نعمت اللہ ولد طور خان سکنہ لغڑے، آصف ولد گل سید سکنہ لغڑے، جنید ولد جان ولی سکنہ غاخی، لطیف ولد یوسف سکنہ غاخی، سلمان ولد زمان سکنہ غاخی، محمد سکنہ نختَر، صلاح الدین سکنہ خلوزو، ثناء اللہ سکنہ خلوزو، بلال سکنہ خلوزو، عنایت سکنہ ڈاگ، عنایت اللہ سکنہ بدان، جنید خان سکنہ خلوزو اور جلا ابیب سکنہ خلوزو شامل ہیں۔

“باجوڑ میں انسانی اسمگلنگ کے ایجنٹوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ”

دریں اثنا باجوڑ پولیس نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ خان زیب مہمند نے کہا ہے کہ ضلع میں ایسے تمام ایجنٹوں کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے جو نوجوانوں کو غیر قانونی طریقوں سے یورپی ممالک بھیجنے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے ذریعے نوجوانوں کو غیر قانونی اور پُرخطر راستوں سے بیرون ملک بھیجنا انتہائی تشویشناک ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ ایسے غیر قانونی دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ نوجوانوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھیجنے سے گریز کریں اور ایسے ایجنٹوں کے بارے میں معلومات فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں تاکہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

“علاقائی ترقیاتی کونسل کا دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ”

علاقائی ترقیاتی کونسل نے لیبیا کشتی حادثے کے حوالے سے دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے۔ کونسل کے ترجمان محمود جان بابر کے مطابق حکومت حادثے سے متعلق مصدقہ معلومات کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے میں باجوڑ سے تعلق رکھنے والے متعدد نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد اور شناخت سے متعلق اطلاعات تاحال غیر مصدقہ ہیں۔ مصدقہ معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

محمود جان بابر نے بتایا کہ حکومت، علاقائی ترقیاتی کونسل کے عمائدین اور ضلعی انتظامیہ کے ذریعے مقامی آبادی سے مسلسل رابطے میں ہے۔ حادثے کے حوالے سے دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے سے بھی رابطہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے سمیت متعلقہ ادارے سرگرم ہیں اور شہریوں کو غیر محفوظ راستوں سے بیرون ملک بھیجنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے اور حادثے کے حقائق سامنے لانے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور سرکاری تصدیق کا انتظار کریں۔

“وزیراعظم کے مشیر مبارک زیب خان کے چچا زاد بھائی بھی جاں بحق”

باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے مشیر مبارک زیب خان کے چچا زاد بھائی پذیر اللہ بھی لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

“ایف آئی اے کی ٹیم باجوڑ پہنچ گئی، تحقیقات شروع”

وفاقی تحقیقاتی ادارے کی ٹیم بھی تحقیقات کے لیے باجوڑ پہنچ گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے اس بات کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں کہ متاثرہ افراد کس ہوائی اڈے سے بیرون ملک روانہ ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم حادثے کا نشانہ بننے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کرے گی، جبکہ متاثرین کے کوائف اور سفری دستاویزات کے حصول کے لیے متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے بارے میں بھی معلومات جمع کرے گی۔