اونٹاریو اور البرٹا کے وزرائے اعلیٰ کا بین الصوبائی تجارت میں رکاوٹیں برقرار رہنے کا اعتراف

ٹورنٹو (سی بی سی) کینیڈا کے صوبوں اونٹاریو اور البرٹا کے وزرائے اعلیٰ ڈگ فورڈ اور ڈینیئل اسمتھ نے کہا ہے کہ بین الصوبائی آزاد تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات کے باوجود ملک میں تجارتی رکاوٹیں بدستور موجود ہیں اور انہیں ختم کرنا آسان نہیں۔

دونوں رہنماؤں نے پیر کو ٹورنٹو ریجن بورڈ آف ٹریڈ کے زیر اہتمام ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بین الصوبائی تجارت، ڈاکٹروں کی خدمات، شراب کی فروخت اور تیل کی پائپ لائن سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔

ڈینیئل اسمتھ نے کہا کہ البرٹا میں اونٹاریو کی شراب کی ایک ہزار سے زائد اقسام فروخت ہوتی ہیں، لیکن اونٹاریو کے شراب کنٹرول بورڈ کے پاس البرٹا کی صرف 53 اقسام دستیاب ہیں۔ ان کے مطابق مختلف قوانین، ضوابط اور سرکاری اداروں کی ہدایات آزادانہ تجارت کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے ڈاکٹروں کی خدمات کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ البرٹا میں صوبے سے باہر کے ڈاکٹروں کو ایک وقت میں صرف 12 مریضوں کے علاج کی اجازت تھی۔ اس پابندی کے باعث دوسرے صوبوں کے ڈاکٹروں سے آن لائن طبی مشاورت حاصل کرنے کا منصوبہ متاثر ہوا۔ یہ پابندی اپریل میں ختم کردی گئی تھی۔

ڈگ فورڈ نے کہا کہ اونٹاریو واحد صوبہ ہے جس نے بین الصوبائی تجارت کے لیے تمام استثنائی پابندیاں ختم کردی ہیں۔ ان کے مطابق صوبہ اب تک دیگر صوبوں اور علاقوں کے ساتھ 10 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرچکا ہے، تاہم کیوبیک میں اب بھی متعدد تجارتی پابندیاں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ افسوس ناک ہے کہ کینیڈا کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ تجارت کرنا آسان ہے لیکن ملک کے اندر صوبوں کے درمیان تجارتی رکاوٹیں ختم نہیں ہو رہیں۔ ڈگ فورڈ نے تحفظ پسندانہ پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پالیسیاں ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند نہیں۔

دونوں وزرائے اعلیٰ نے البرٹا سے جنوبی اونٹاریو تک خام تیل پہنچانے کے لیے ناردرن شیلڈ انرجی کوریڈور کے نام سے پائپ لائن منصوبے کی حمایت بھی کی۔ مجوزہ منصوبے کے تحت البرٹا کا خام تیل اونٹاریو کی ریفائنریوں تک پہنچایا جائے گا۔

ڈگ فورڈ نے وفاقی حکومت سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج پر عائد ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکس گاڑیوں اور اسٹیل کی صنعتوں کے لیے مشکلات پیدا کررہا ہے۔