وینکوور (سی بی سی) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں، بلند سمندری لہروں اور شدید بارش کے باعث سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے وینکوور آئی لینڈ، وسطی ساحلی علاقوں اور ہائیڈا گوائی کے بعض حصوں کے لیے ساحلی سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔
کینیڈا کے محکمہ ماحولیات کے مطابق بحرالکاہل سے آنے والے شدید موسمی نظام کے باعث ساحلی علاقوں میں سمندری طوفانی لہروں اور غیر معمولی بلند مدوجزر کا خطرہ ہے۔ ان دونوں عوامل کے باعث سمندر کی سطح معمول کی بلند ترین سطح سے 20 سے 50 سینٹی میٹر تک اوپر جاسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وینکوور آئی لینڈ کے بعض علاقوں میں 200 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر اس سے زیادہ بارش بھی ہوسکتی ہے۔ تیز ہواؤں کے جھکڑ 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہوسکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ بجلی کی فراہمی متاثر ہونے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
وینکوور آئی لینڈ کے مغربی ساحل پر واقع ٹلا او کو آہٹ فرسٹ نیشن نے ساحلی علاقوں میں واقع بعض املاک کے لیے انخلا کا انتباہ بھی جاری کیا ہے، جس کے تحت متاثرہ رہائشیوں کو کسی بھی وقت علاقہ چھوڑنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری پانی کی سطح جمعرات کو بلند ترین مقام پر پہنچنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے، موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھنے اور سیلابی پانی میں گاڑی چلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

