ویٹی کن سٹی (خبر ایجنسیاں) پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری کے اقتباسات پر مشتمل کتاب منظرِ عام پر آگئی، جس میں سابق پوپ نے اپنی زندگی میں 3 مرتبہ شیطان کو جسمانی طور پر دیکھنے اور ایک بار جہنم کے دروازے کا منظر دکھائی دینے کا ذکر کیا ہے۔
خبر ایجنسیوں کے مطابق ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز کی مرتب کردہ کتاب ’’پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری‘‘ میں 1992ء سے اگست 2024ء تک کی تحریریں شامل ہیں۔ پوپ فرانسس نے یہ ڈائری اپنی زندگی میں مرتب کی تھی، جبکہ ان کی وفات کے بعد موجودہ پوپ لیو چہاردہم نے اس کے منتخب اقتباسات کی اشاعت کی اجازت دی۔
24 جنوری 2021ء کی ایک تحریر میں پوپ فرانسس نے لکھا کہ انہیں تین ایسے واقعات یاد ہیں جن میں انہیں یقین تھا کہ شیطان جسمانی طور پر ان کے سامنے ظاہر ہوا۔ پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے اور گاڑی میں سفر کے دوران انہوں نے اسے کھڑکی سے دیکھا۔ ان کے بقول وہ اس کی خوفناک مگر پُرکشش آنکھیں کبھی نہیں بھول سکتے۔
دوسرا واقعہ ایک خانقاہ کے عبادت خانے میں پیش آیا، جہاں پوپ فرانسس کے مطابق شیطان نے انہیں آگ جیسی آنکھوں سے دیکھا۔ وہ ہاتھ میں تسبیح پکڑے وہاں سے بھاگے اور حضرت مریم سے مدد طلب کی۔
تیسرا واقعہ 2018ء میں چلی کے دورے سے روم واپسی کے چند روز بعد پیش آیا۔ ڈائری کے مطابق ایک اجلاس کے دوران انہوں نے شیطان کو دیکھا اور اس کی آواز بھی سنی، جو یہ کہہ رہی تھی کہ اب اس نے وہ سب کچھ حاصل کرلیا ہے جو وہ چاہتا تھا۔
پوپ فرانسس نے 7 جون 2018ء کی تحریر میں یہ بھی لکھا کہ انہوں نے رات سونے سے پہلے جہنم کا دروازہ دیکھا تھا، جس سے وہ خوف زدہ ہوگئے اور مدد کے لیے تسبیح کو اپنے ہتھیار کے طور پر تھام لیا۔کتاب میں پوپ فرانسس کی روحانی کشمکش، ذاتی پشیمانیوں، اپنی غلطیوں کے اعتراف اور کلیسا کے معاملات سے متعلق ان کے خیالات بھی شامل ہیں۔

