کیلگری (گلوبل نیوز) کینیڈا کے شہر کیلگری کی انتظامیہ نے آئندہ چار سال کے دوران 3 ہزار 535 نئے ملازمین بھرتی کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ اس منصوبے کی منظوری کی صورت میں 2030ء تک شہر کے سرکاری ملازمین کی تعداد بڑھ کر تقریباً 22 ہزار 946 ہوجائے گی۔
گلوبل نیوز کے مطابق یہ بھرتیاں شہر کے مختلف محکموں میں کی جائیں گی، جن میں ٹرانزٹ، پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ اور پانی کی فراہمی کے شعبے شامل ہیں۔ مجوزہ منصوبے کے تحت 2027ء میں ایک ہزار 743، 2028ء میں 760، 2029ء میں 514 اور 2030ء میں 518 نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی۔
کیلگری ٹرانزٹ نے سب سے زیادہ 648 نئی آسامیوں کی درخواست دی ہے، جن میں بس اور ہلکی ریل گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے علاوہ گاڑیوں کی مرمت کے لیے مکینک بھی شامل ہیں۔
کیلگری پولیس سروس میں 2030ء تک 524 نئی ملازمتیں فراہم کرنے کی تجویز ہے، جن میں پولیس افسران اور دیگر انتظامی عملہ شامل ہوگا۔
میئر جیرومی فارکس نے کہا کہ پولیس، فائر سروس اور ٹرانزٹ جیسے شعبوں میں خدمات بہتر بنانے کے لیے اضافی عملے کی ضرورت ہے۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ بعض محکموں میں نئی بھرتیوں کو مؤخر یا روکنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب بعض کونسلرز نے اضافی بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی اخراجات میں اضافے کے بجائے موجودہ عملے کی کارکردگی اور محکموں کی استعداد بہتر بنانے پر توجہ دی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ کیلگری کے مجوزہ بجٹ میں 2027ء کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں 15 فیصد اضافے کی تجویز بھی شامل ہے۔ بجٹ پر حتمی فیصلہ سٹی کونسل کی بحث اور منظوری کے بعد ہوگا۔

