وین پیگ (سی بی سی) کینیڈا کے صوبے مینی ٹوبا میں دانتوں کے ایک ڈاکٹر نے 23 سالہ لڑکی ورجینیا بلاٹز کی موت کے معاملے میں پیشہ ورانہ بدعنوانی کا جرم قبول کرلیا۔ لڑکی 2024ء میں دانتوں کے علاج کے دوران بے ہوشی کی دوا کی زائد مقدار دیے جانے کے بعد انتقال کرگئی تھی۔
سی بی سی نیوز اور ونی پیگ فری پریس کے مطابق ڈاکٹر رونالڈ جانز نے 23 نومبر کو وین پیگ میں مینی ٹوبا ڈینٹل ایسوسی ایشن کی انکوائری کے دوران اعتراف جرم کیا۔ انکوائری پینل نے انہیں پیشہ ورانہ بدعنوانی اور مریضہ کی دیکھ بھال میں مطلوبہ مہارت، علم اور فیصلے کی صلاحیت کا مظاہرہ نہ کرنے کا قصوروار قرار دیا۔
عدالتی کارروائی کے مطابق ورجینیا بلاٹز 27 نومبر 2024ء کو مورڈن کے باؤنڈری ٹریلز ڈینٹل سینٹر میں عقل داڑھیں نکلوانے گئی تھیں۔ اس وقت ان کا وزن تقریباً 100 پاؤنڈ تھا۔ ڈاکٹر نے انہیں آرٹیکین نامی مقامی بے ہوشی کی دوا تجویز کردہ مقدار سے 160 سے 200 فیصد زیادہ دی۔
رپورٹ کے مطابق مریضہ کو تقریباً 10 کارپول دوا دینے کا ارادہ تھا، حالانکہ ان کے وزن کے لحاظ سے تقریباً ساڑھے 4 کارپول کافی تھے۔ ڈاکٹر نے تفتیش کاروں کو بتایا تھا کہ انہیں مریضہ کے وزن کے مطابق دوا کی زیادہ سے زیادہ محفوظ مقدار کا علم نہیں تھا۔
دوا کی زائد مقدار کے باعث ورجینیا کو شدید دورے پڑے اور ان کی سانس بند ہوگئی۔ ڈاکٹر ان کی طبی کیفیت کو بروقت شناخت کرنے اور مناسب علاج فراہم کرنے میں بھی ناکام رہے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔
انکوائری کے دوران ورجینیا کے والدین اور بہن نے اپنے بیانات میں کہا کہ ان کی موت نے پورے خاندان کی زندگی بدل کر رکھ دی ہے۔ والدہ نے بتایا کہ وہ دو سال سے اپنی بیٹی کی موت کے صدمے اور اس واقعے کی یادوں سے نبرد آزما ہیں۔
ڈینٹل ایسوسی ایشن کے وکلا نے ڈاکٹر کا لائسنس معطل کرنے، 10 ہزار ڈالر جرمانہ اور تحقیقات کے اخراجات کی مد میں ایک لاکھ 35 ہزار ڈالر وصول کرنے کی درخواست کی، جبکہ ڈاکٹر کے وکیل نے مزید معطلی کی مخالفت کرتے ہوئے صرف 30 ہزار ڈالر اخراجات ادا کرنے کی تجویز دی۔
انکوائری پینل نے ڈاکٹر کو قصوروار قرار دے دیا ہے تاہم سزا اور تادیبی کارروائی سے متعلق حتمی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔دوسری جانب ورجینیا کے اہل خانہ نے ڈاکٹر، ان کے ڈینٹل کلینک اور متعلقہ کمپنی کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا ہے۔

