ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو لبرل پارٹی کے رہنما نودیپ بینس اور ایٹوبیکو لیک شور سے رکن صوبائی اسمبلی لی فیئرکلاف نے وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ سال کے اختتام سے قبل آن لائن جوئے کے اشتہارات پر پابندی عائد کرنے کیلئے قانون منظور کیا جائے۔
لی فیئرکلاف نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ اس معاملے میں سنجیدہ ہیں تو انہیں چھ ماہ پہلے پیش کیا گیا ان کا قانون یاد رکھنا چاہیے، جس کے تحت آن لائن جوئے کے اشتہارات پر پابندی عائد کی جا سکتی تھی۔ اس وقت تمام کنزرویٹو ارکان نے اس بل کی مخالفت کی تھی، تاہم حکومت اب اسی بل کو اپنا بل بنا کر پیش کر سکتی ہے اور لبرل ارکان نئے سال سے قبل اس کی منظوری میں تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اونٹاریو لبرل پارٹی آن لائن جوئے کے اشتہارات پر پابندی کیلئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس جاری رکھنے کو تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ کو اس بحران کا احساس تو ہو گیا ہے، لیکن مزید انتظار کی گنجائش نہیں۔ اس معاملے پر کسی نئی رپورٹ کی ضرورت نہیں، دستیاب حقائق ہی صورت حال واضح کرنے کیلئےکافی ہیں۔
لی فیئرکلاف کے مطابق 2022ء میں نجی آن لائن جوئے کی مارکیٹ کھولے جانے کے بعد سے جوئے کی رقوم میں تقریباً 500 فیصد اضافہ ہوا ہے، 18 سے 29 سال عمر کے ہر تین میں سے ایک شہری آن لائن جوا کھیل رہا ہے، جبکہ جوئے سے متعلق خودکشیوں کے واقعات تین گنا ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ کی ترجیح مزید جوئے خانے تعمیر کرنا ہے۔
نودیپ بینس نے کہا کہ صوبے کے بہت سے خاندان آن لائن جوئے کے باعث اپنے بچوں، ازدواجی زندگی یا زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہو چکے ہیں۔ کئی خاندان یہ دکھ خاموشی سے برداشت کر رہے ہیں، کسی بھی خاندان کو اس مشکل کا تنہا سامنا نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ آن لائن جوئے کے اشتہارات پر پابندی کیلئےالگ قانون پیش کیا جائے، لبرل ارکان اس کی منظوری میں تعاون کریں گے۔ اس کے ساتھ یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ جوئے کی لت میں مبتلا افراد کو مدد کے حصول کیلئے کئی ماہ انتظار نہ کرنا پڑے۔
نودیپ بینس نے کہا کہ یہ اشتہارات بہتر زندگی کے فوری حصول کا خواب دکھاتے ہیں، لیکن درحقیقت انسانی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ اونٹاریو کے شہری بہتر روزگار، قابل برداشت گھر اور محفوظ مستقبل کے مستحق ہیں۔ لبرل ارکان اس وقت تک اسمبلی سے واپس نہیں جائیں گے جب تک آن لائن جوئے کے اشتہارات پر پابندی نہیں لگ جاتی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ کیا وہ بھی اس مقصد کیلئے ایسا کرنے کو تیار ہیں؟

