مارکھم:شوکت خانم اسپتال کراچی کیلئے فنڈ ریزنگ گالا ڈنر، مرحوم خالد عثمان کو خراجِ تحسین

مارکھم (اشرف خان لودھی سے) کینسر ایجوکیشن ریسرچ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کراچی کی تکمیل اور اسے فعال بنانے کیلئے کینیڈا میں ’’شوکت خانم فنڈ ریزنگ گالا ڈنر 2026‘‘ کاانعقادکیاگیا۔ ’’دی فائنل کاؤنٹ ڈاؤن ٹور‘‘ کے عنوان سے جاری اس مہم میں مارکھم تھورن ہِل سے رکن پارلیمنٹ آنریبل ٹم ہاجسن، پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی،ڈاکٹرعابدہ عثمان،جاویدخان نے خصوصی شرکت کی۔

مارکھم کے میئر فرینک اسکارپٹی نے تقریب کے اعزازی چیئرمین کی حیثیت سے اپنے پیغام میں کہا کہ شوکت خانم فنڈ ریزنگ گالا ڈنر ایک عظیم مقصد کیلئے لوگوں کو متحد کرنے کا ذریعہ ہے، جس کا مقصد شوکت خانم کینسر اسپتال کی معاونت کرنا اور ہزاروں مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے مرحوم خالد عثمان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات کا یقین کرنا مشکل ہے۔ خالد عثمان کینیڈا بھر میں متعدد فلاحی کاموں کے علم بردار تھے، تاہم شوکت خانم کا منصوبہ ان کے دل کے بہت قریب تھا۔ ان کی غیر معمولی قیادت میں اس مقصد کیلئے فنڈز جمع کرنے اور لوگوں کو یکجا کرنے میں مدد ملی۔

فرینک اسکارپٹی نے کہا کہ خالد عثمان کی سخاوت اور خدمات کے اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ شوکت خانم اسپتال ہزاروں مریضوں کو مفت کینسر علاج فراہم کرکے انہیں امید اور علاج تک رسائی دیتا ہے۔ خالد عثمان اس کام کی اہمیت کو سمجھتے تھے اور انہوں نے اپنا وقت، قیادت اور اثر و رسوخ اس مقصد کیلئے وقف کیا۔

میئر مارکھم نےخالدعثمان مرحوم کی اہلیہ عابدہ عثمان کی قیادت اور اس اہم فلاحی کام کو جاری رکھنے کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عابدہ عثمان اس کام کو آگے بڑھا کر خالد عثمان کی زندگی بھر کی سخاوت اور خدمت کے جذبے کو بھی زندہ رکھ رہی ہیں۔

فرینک اسکارپٹی نے تقریب کے اعزازی چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اجتماع کا مقصد خالد عثمان کو یاد کرنا، ان کی خدمات کو سراہنا اور اس مقصد کی حمایت کرنا ہے جو ان کیلئے بہت اہمیت رکھتا تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب خالد عثمان کے مشن کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی اور شوکت خانم اسپتال مزید ہزاروں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج اور امید فراہم کرسکے گا۔

دوسری جانب، کینسر ایجوکیشن ریسرچ فاؤنڈیشن کی اس مہم کا مقصد کراچی میں زیر تعمیر شوکت خانم کینسر اسپتال کی تکمیل کیلئے فنڈز جمع کرنا ہے۔ منتظمین نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اس فلاحی منصوبے میں تعاون کریں تاکہ اسپتال کو فعال کرکے کینسر کے مریضوں کو مفت اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔