متحدہ عرب امارات: فجیرہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں کا الرٹ جاری

فجیرہ (گلف نیوز، خلیج ٹائمز) متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گرج چمک، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے پیش نظر حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے موسمی انتباہ جاری کردیا۔

11 نومبر کو فجیرہ، شارجہ اور العین کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق موسم کی خراب صورتحال 12 نومبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے، اس دوران ہواؤں کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس سے گردوغبار اور حدِ نگاہ میں کمی کا خدشہ ہے۔

وزارت داخلہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دورانِ سفر گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، وادیوں اور سیلابی پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہیں اور سمندر میں جانے یا ساحلوں پر جانے سے گریز کریں۔حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔