متحدہ عرب امارات پر 40 دہشتگرد تنظیموں کے سائبر حملے ناکام بنا دیے گئے: اماراتی حکام

دہشتگرد تنظیموں کے روابط 20 سے زائد ممالک،ایران اور پاسداران انقلاب سے ہیں: ڈاکٹر محمد الکویتی
بجلی، پانی، ڈی سیلینیشن پلانٹس، اسپتال اور سیکیورٹی کیمروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات پر 40 دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے کیے گئے سائبر حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے، جبکہ ان دہشت گرد تنظیموں کے روابط 20 سے زائد ممالک تک پھیلے ہوئے ہیں۔

دبئی سے اماراتی حکام کے مطابق اماراتی سائبر دفاعی نظام نے حملوں کے ذرائع کی نشاندہی کی اور سائبر حملوں کو ناکام بنایا۔ اماراتی سائبر سیکیورٹی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر محمد الکویتی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گھروں، فارم ہاؤسز اور گاڑیوں کے سیکیورٹی کیمروں کو ہیک کرنے کی کوششیں کی گئیں، جبکہ پبلک کیمروں کی چند ویڈیوز ہیک کر کے سوشل میڈیا پر پھیلائی گئیں تاکہ خوف پیدا کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق سائبر حملوں میں بجلی، پانی، سمندری پانی صاف کرنے کے پلانٹس اور اسپتال بھی نشانہ بنائے گئے۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ایران اور پاسداران انقلاب سے منسلک نیٹ ورکس سائبر حملوں میں ملوث ہیں، جبکہ آرٹیفیشل انٹلیجنس کے استعمال سے سائبر حملوں کی پیچیدگی اور رفتار میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان حملوں میں ڈیٹا چوری، جعلی شناخت، بلیک میلنگ اور جعلی معلومات پھیلانا بھی شامل ہے۔

اماراتی حکام نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیفیشل انٹلیجنس سے جعلی تصاویر، ویڈیوز اور آوازیں بنائی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق ہیکرز نے مسافروں کو لوٹنے کا نیا طریقہ بھی اپنایا ہے جس میں جعلی سفری معلومات کے ذریعے رقم منتقل کرنے کا دھوکا دیا جاتا ہے، اور ایئر پورٹ پر موجود مسافر کو یکدم بکنگ تبدیل ہونے کا میسج بھیج کر نشانہ بنایا جاتا ہے۔