مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے)اونٹاریو میں چھوٹے کاروباروں کیلئے نئے حکومتی اقدامات اور ٹیکس ریلیف کے حوالے سے ایک اہم کمیونٹی اپڈیٹ سیشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ سیشن اونٹاریو کی ایسوسی ایٹ وزیر برائے چھوٹے کاروبار نینا ٹانگری کی میزبانی میں آج جمعرات کو منعقدکیاجارہاہے.
سیشن میں 2026 کے صوبائی بجٹ کے بعد متعارف کرائے گئے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی جائے گی، جس میں چھوٹے کاروباروں کیلئےٹیکس کی شرح میں کمی، مالی معاونت اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ اس موقع پر مقامی کاروباری افراد اور کمیونٹی ممبران کو براہِ راست سوالات پیش کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
تقریب کا آغاز مختصر خطاب سے ہوگا، جس کے بعد “واک اَباؤٹ” کے دوران شرکاء کو مقامی کاروباری مالکان سے ملاقات کا موقع ملے گا، جس سے میڈیا کیلئے کوریج، انٹرویوز اور فوٹیج کے بہترین مواقع فراہم ہوں گے۔
میڈیا نمائندگان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ اس تقریب کی رپورٹنگ کر سکیں۔آر ایس وی پی کی درخواست کی گئی ہے کیونکہ نشستیں محدود ہیں۔ یہ سیشن چھوٹے کاروباروں کی مالی معاونت اور ٹیکس ریلیف کے حوالے سے عوام اور کاروباری حلقوں میں آگاہی بڑھانے کا اہم موقع ہے۔

