مسی ساگا:معروف کالمسٹ میاں حبیب کی رکن پارلیمنٹ اقرا خالد سے خصوصی ملاقات

مسی ساگا(اشرف خان لودھی سے) پاکستان کے معروف سینئر صحافی، اینکرپرسن،تجزیہ کاراور کالمسٹ میاں حبیب اللہ ان دنوں کینیڈا کے نجی دورے پر ہیں۔ اپنے قیام کے دوران انہوں نے مسی ساگا۔ایرن ملز سے رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد سے ان کے دفتر میں خصوصی ملاقات کی اور ان کا ایک تفصیلی انٹرویو بھی ریکارڈ کیا۔

خصوصی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات، پاکستانی نژاد کینیڈین کمیونٹی کے کردار اور موجودہ سماجی و سیاسی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر میاں حبیب اللہ نے رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد سے ان کی ذاتی، سماجی اور سیاسی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انٹرویو کے دوران اقرا خالد نے پاکستان سے کینیڈا ہجرت، تعلیم، عملی زندگی، سیاست میں آنے کے سفر، عوامی خدمت، پارلیمانی ذمہ داریوں اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ اپنے روابط پر اظہارِ خیال کیا۔

گفتگو میں خواتین کی سیاسی نمائندگی، نوجوان نسل کے کردار، کینیڈا کے کثیرالثقافتی معاشرے، پاکستانی نژاد شہریوں کی کامیابیوں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مختلف موضوعات بھی زیرِ بحث آئے۔

میاں حبیب کی جانب سے کیے گئے اس خصوصی انٹرویو میں اقرا خالد نے اپنی سیاسی جدوجہد، عوامی خدمت کے عزم اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کیلئے اپنے پیغام کا اظہار بھی کیا۔

یہ خصوصی انٹرویو جلد شائع کیا جائے گا، جس میں ناظرین اور قارئین کو اقرا خالد کی زندگی اور سیاسی سفر کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا جائے گا۔