مسی ساگا (نمائندہ خصوصی)مسی ساگا میں آئندہ وفاقی انتخابات کیلئے مسی ساگا ایسٹ–ککسویل سے کنزرویٹو پارٹی کے نامزد امیدوار محمد اسحاق کے اعزاز میں بیرسٹر راؤ قاسم نے ایک پروقارعشائیہ کا اہتمام کیا۔
تقریب میں کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جس سے نہ صرف مقامی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کا اندازہ ہوا بلکہ کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے سیاسی شعور کی بھی عکاسی ہوئی۔اس موقع پر مرزا نسیم بیگ، حاجی جمیل اور ٹم اقبال سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی اور محمد اسحاق کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا۔

عشائیہ کے دوران ہونیوالی گفتگو میں مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کا سیاسی عمل میں فعال کردار وقت کی اہم ضرورت ہے اور ایسے پلیٹ فارمز کمیونٹی کو آواز دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
محمد اسحاق نے اس موقع پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمیونٹی کے مسائل کو مؤثر انداز میں ایوانوں تک پہنچانے کیلئےپرعزم ہیں اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں مہمانوں نے میزبان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے آئندہ انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

