نیویارک (اقوام متحدہ، رائٹرز، اے ایف پی، ایسوسی ایٹڈ پریس)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی صورتحال تیزی سے قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ، رائٹرز، اے ایف پی اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ خطے میں جاری لڑائی ہر جگہ فوری طور پر رکنی چاہیے اور اب واپسی کا راستہ اختیار کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی بحری راستوں پر آزادانہ جہاز رانی اور بحری آمدورفت کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ عالمی تجارت اور علاقائی استحکام متاثر نہ ہو۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ موجودہ بحران کا کوئی فوجی حل نہیں، بلکہ سفارت کاری، مذاکرات اور بین الاقوامی تعاون ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں، اس لیے تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کریں۔

