مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملے تیز، مساجد نذر آتش، فلسطینیوں میں خوف

رام اللّٰہ(الجزیرہ، اقوام متحدہ، فلسطینی حکام)مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں مساجد، گھروں، گاڑیوں اور زرعی اراضی کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث فلسطینی آبادی میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔

رام اللّٰہ کے قریب ایک قصبے میں رہائش پذیر بانوے سالہ فلسطینی نژاد امریکی یاسر سقر راشد نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک شام مغرب کی نماز کے بعد مسجد میں قرآن پاک کی تلاوت کے دوران آبادکاروں نے حملہ کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک حملہ آور نے مسجد کی کھڑکی پر آتش گیر مادہ پھینک کر مسجد اور انہیں زندہ جلانے کی کوشش کی، جبکہ حملے کے دوران مسجد کے اندر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

یاسر سقر راشد کے مطابق مقامی افراد کی چھ گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی گئی، جبکہ اسی رات قریبی قصبے برقہ میں واقع ایک اور مسجد کو بھی نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ صرف مئی 2026ء کے دوران مسلم عبادت گاہوں پر بائیس حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں، جبکہ انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق یہ کارروائیاں فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کی منظم مہم کا حصہ ہیں۔

نابلس کے قریب ایک گاؤں کے رہائشی اکتالیس سالہ صادق فقیہ نے الجزیرہ کو بتایا کہ آبادکاروں کے حملوں کے بعد ان کا گھر قلعے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق اپریل 2026ء میں آبادکاروں نے ان کے گھر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی، جس کے باعث ان کی حاملہ اہلیہ شدید خوف کا شکار ہوئیں اور قبل از وقت بچے کی پیدائش ہوئی، جو آج بھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی اداروں کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ صرف مئی 2026ء میں فلسطینیوں اور ان کی املاک پر ایک ہزار چھ سو انسٹھ حملے ریکارڈ کیے گئے، جن میں پانچ سو اکاون حملے آبادکاروں نے کیے۔ اسی عرصے کے دوران سات ہزار دو سو بائیس درختوں کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ متعدد گھروں، مساجد اور دیگر املاک کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق آبادکاروں کے حملوں کے باعث مغربی کنارے کی ایک سو سترہ سے زائد فلسطینی بستیوں اور دیہاتوں میں مکمل یا جزوی بے دخلی ہو چکی ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے حملے فلسطینی آبادی پر دباؤ بڑھانے اور انہیں اپنی زمینوں سے ہٹانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔