ملتان: گھر میں آتشزدگی سے چھت گرگئی، ماں اور2 بیٹیاں جاں بحق

ملتان (نمائندہ خصوصی)ملتان میں بوسن روڈ پر اڈا لطف آباد کے قریب ایک گھر میں آگ لگنے کے بعد کمرے کی چھت گرنے سے خاتون اور ان کی دو بیٹیاں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق گھر کی دوسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث کمرے کی چھت گر گئی اور خاتون سمیت ان کی دونوں بیٹیاں ملبے تلے دب گئیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے بعد ملبہ ہٹایا اور تینوں کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کردیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور ان کی دو بیٹیاں شامل ہیں۔

ایک رپورٹ میں خاتون کی شناخت 35 سالہ پروین اور بیٹیوں کی 14 سالہ مہرین فاطمہ اور 12 سالہ الف فاطمہ کے نام سے کی گئی، جبکہ دوسری رپورٹ میں خاتون کی عمر 45 سال اور بیٹیوں کے نام ماہین فاطمہ اور میرب فاطمہ بتائے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق خاتون کے شوہر کا تقریباً ایک ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کا امکان ظاہر کیا گیا، تاہم آگ لگنے کی حتمی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ بعض اطلاعات کے مطابق پولیس واقعے کے مشکوک پہلوؤں کا بھی جائزہ لے رہی ہے اور جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔