ملتان/بہاولپور (نامہ نگاران) 8 ڈاؤن تیزگام ایکسپریس حادثے کا شکار ہو گئی، جہاں لودھراں کے قریب آدم واہن ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین کی 7 سے 8 بوگیاں متاثر ہوئیں جن میں سے کم از کم 4 بوگیاں الٹ گئیں جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوئے۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر فنی خرابی یا کوچز کے جوڑ (کپلنگ) ٹوٹنے کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ ریلوے ٹریک پر ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافروں کی مدد کیلئے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں اور ریلیف آپریشن جاری ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

