موبائل پر ہائی جیکنگ کی دھمکی، امریکی مسافر طیارے کی ہنگامی واپسی، نوجوان گرفتار

لاس ویگاس (خبر ایجنسیاں) امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس سے نیو جرسی جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز یو اے 1681 کو ہائی جیکنگ کے خطرے کے پیش نظر واپس لاس ویگاس ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، جبکہ پولیس نے 25 سالہ مسافر کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹس کے مطابق 24 اکتوبر کو پرواز روانہ ہونے کے تقریباً 20 منٹ بعد 24 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی کہ ایک فضائی میزبان کی نظر 25 سالہ مسافر ڈینٹے ملن کے موبائل فون پر پڑی۔ اس کے فون میں پیغام لکھنے کے خانے میں موجود عبارت نے فضائی میزبان کو تشویش میں مبتلا کردیا۔

مسافر نے پیغام میں لکھا تھا کہ ’’میں اس طیارے کو ہائی جیک کرنے جا رہا ہوں‘‘ جبکہ ایک دوسرے جملے میں اس نے لکھا تھا کہ ’’صرف تمہاری قطار کو تباہ کروں گا‘‘۔ پیغام میں نامناسب الفاظ بھی استعمال کیے گئے تھے۔

فضائی میزبان نے فوری طور پر پائلٹ کو صورت حال سے آگاہ کیا، جس کے بعد کاک پٹ کو بند کردیا گیا اور فضائی ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی گئی۔ حکام کی ہدایت پر پائلٹس نے طیارے کا رخ واپس لاس ویگاس کی جانب موڑ دیا۔

رپورٹ کے مطابق عملے نے مشتبہ مسافر کو صورت حال کا احساس نہیں ہونے دیا تاکہ وہ کسی ممکنہ گڑبڑ کی کوشش نہ کرسکے۔ مسافر اپنی نشست پر پرسکون بیٹھا رہا اور اسے معلوم نہیں تھا کہ اس کے موبائل فون پر لکھے گئے پیغام کے باعث طیارے کو واپس لے جایا جارہا ہے۔

لاس ویگاس ایئرپورٹ پر طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کے بعد پولیس نے جہاز کے اندر ہی کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو دہشت گردی کی دھمکیاں دینے اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے الزامات میں گرفتار کرلیا۔

طیارے میں 150 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے، جو تمام محفوظ رہے۔ فضائی تحفظ کے ضابطوں کے تحت ہائی جیکنگ سے متعلق کسی بھی دھمکی کو انتہائی سنگین خطرہ تصور کیا جاتا ہے، اسی لیے عملے نے فوری کارروائی کی۔