پشاور (این این آئی) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میرا صوبہ، میرا پانی‘‘ نہ کریں، بڑے صوبے کی وزیرِاعلیٰ کا بڑا دل ہونا چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام مہنگائی سے پس رہے ہیں، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ہمارے صوبے سے متعلق جو بیان دیا، اس سے متفق نہیں، خیبر پختونخوا پنجاب کو تیل اور گیس دیتا ہے، پانی کا حصہ آپ استعمال کر رہے ہیں، اس سب کے بعد بھی آپ کہتے ہیں کہ ہمیں خیبر پختونخوا سے خطرہ ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، ہمارے نوجوانوں کی قربانیاں کہاں جائیں گی؟ مریم نواز صوبائیت کو ہوا نہ دیں بلکہ وفاق کو مضبوط کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے کرکٹ میں نام روشن کیا، آپ کے نوجوانوں نے کہاں نام روشن کیا؟
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میرے کسی سے مذاکرات نہیں ہو رہے، جن کے ہو رہے ہیں، ان کا مجھے نہیں پتہ۔ اگر پارلیمنٹ اور اسمبلی چاہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں تو بن جائیں۔ ریفرنڈم اس وقت ہوتا ہے جب اسمبلیاں نہیں ہوتیں، جمہوری دور میں ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے پرامن احتجاج کیا، ہم ان کے ساتھ ہیں، جماعتِ اسلامی بلاول بھٹو سے مذاکرات کرے گی۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی والے الٹے بھی لٹک جائیں، پھر بھی ان کے بانی باہر نہیں آئیں گے، بانیٔ پی ٹی آئی اپنی سزا پوری کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کنٹینرز سیکیورٹی کے لیے لگائے گئے ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

