نئے صوبوں پر سیاسی اتفاق نہ ہوا تو ریفرنڈم ہوگا، حکومت نے تیاریاں مکمل کرلیں

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں ریفرنڈم کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی مجوزہ آئینی ترمیم کی حمایت حاصل نہ ہونے پر معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے آئینی اور قانونی پہلوؤں پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔ وزارت قانون، وزارت پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل کے دفتر نے آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرانے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف قومی اہمیت کے اس معاملے پر پارلیمنٹ سے ریفرنڈم کی اجازت طلب کرسکتے ہیں، جبکہ اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حکومت اس معاملے پر عدالت سے آئینی و قانونی رہنمائی لینے پر بھی غور کررہی ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت ملک میں 10 سے 12 صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے، جس میں پنجاب کو چار جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو دو، دو انتظامی حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں بھی نئے صوبوں کے قیام کے حق میں قرارداد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اصولی طور پر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاہم اس نے مجوزہ آئینی ترمیم کی حمایت کے حوالے سے تاحال آمادگی ظاہر نہیں کی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم اور صوبے کی جغرافیائی حدود تبدیل کرنے کی تجویز کی مخالفت کررہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے واضح کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق اس معاملے پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں بیٹھ کر بحث کرنی چاہیے۔

انہوں نے تحریک انصاف کو بھی سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر مذاکرات میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ آئینی طریقہ کار اور متعلقہ اسمبلیوں کے کردار کو سامنے رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔

ادھر سندھ اسمبلی پہلے ہی 3 ستمبر کو ایک متفقہ قرارداد منظور کرکے صوبے کی تقسیم اور جغرافیائی حدود میں تبدیلی کی مخالفت کرچکی ہے۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ سندھ کی تقسیم کا معاملہ قابل قبول نہیں، تاہم انتظامی اصلاحات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر بات ہوسکتی ہے۔

حکومت کی جانب سے ریفرنڈم کی تیاریوں کے باوجود نئے صوبوں کا قیام آئینی تقاضوں اور پارلیمانی و صوبائی اسمبلیوں کے کردار سے مشروط رہے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت اس معاملے پر پیش رفت سینیٹ کے انتخابات سے پہلے کرنا چاہتی ہے، جو مارچ 2027ء کے پہلے ہفتے میں متوقع ہیں۔