ہمارے دوست سیر صبح اسلم صاحب بہت دُکھی اور پھر بڑے خوش تھے، دُکھ ان کو یہ ہوا کہ ننھے شاہین لب بام آ کر بھی کامیاب نہ ہو سکے اِس حوالے سے وہ بڑی تکنیکی گفتگو بھی کرتے رہے اور پھر اگلے ہی روز وہ خوش تھے ان کے مطابق بھارتی انڈر19 ٹیم کے کھلاڑیوں نے فائنل میچ کے فوراً بعد جس بدتمیزی اور بدتہذیبی کا مظاہرہ کیا تھا اس پر آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سخت احتجاج کے بعد کارروائی کی اور بھارتی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 50، 50 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا ہے،جب وہ یہ سب بتا رہے تھے تو میرے علم میں کچھ نہیں تھا، اس لئے خاموش رہا اور ان کی خوشی میں مخل نہ ہوا،پاکستان کی انڈر19 ٹیم فائنل میچ میں بھارتی ٹیم سے ہار گئی تھی اور یہ میچ کے آخری گیند پر ہوا کہ اُس وقت بھارتی ٹیم کو ایک گیند پر تین رنز کی ضرورت تھی، ہمارے شاہین بھارتی کھلاڑیوں کی طرف سے چوکا روک نہ سکے اور ایک وکٹ سے یہ میچ ہار گئے،اس کے بعد میدان میں جو ہوا وہ بڑا ہی غیر مہذب اور بداخلاقی سے بدتر نوعیت کا معاملہ تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے ہمارے بچوں کو گالیاں دیں اور جھگڑے کی کوشش کی، خصوصی طور پر حمزہ ظہور کے ساتھ ون او ون بھی واقع پیش آیا، ہمارے اس بہادر سپاہی نے گراؤنڈ میں کھڑے رہ کر تحمل سے اس ہلڑ بازی اور بدمعاشی کو برداشت کیا، اس کی داد بھی دی گئی اور یہ سلسلہ جاری ہے، حمزہ ظہور نے بعدازاں کہا کہ شکر کریں کہ اس بدتمیز نے میرے ملک کو برا نہیں کہا ورنہ میں برداشت نہ کر سکتا، بہرحال بات شروع کی تھی اسلم صاحب کی اطلاع سے کہ آئی سی سی نے کارروائی کی ہے، میرے لئے یہ حیرت کا باعث تھا کہ مین میڈیا پر ایسی کوئی خبر نہیں تھی، سیر کے بعد گھر آ کر چیک کیا تو یہ سوشل میڈیا کی اطلاع تھی،چنانچہ تصدیق لازم تھی۔ یوں بھی ایشیا کرکٹ کونسل کے صدر ہمارے محسن نقوی ہیں اور آئی سی سی کے چیئرمین بھارتی بورڈ کے صدر جے شاہ تھے(وہ اب دوسری بار بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں)اس لئے اگر ایسی سزا دی گئی ہوتی تو مین سٹریم میڈیا پر ضروری طور پر نشر اور شائع ہوتی اور بڑی خبر بنتی۔میں نے بہت تلاش کی لیکن سوشل میڈیا کے سوا کہیں نظر نہ آئی۔ لہٰذا اب یہی کہا جا سکتا ہے کہ فیک نیوز تھی کہ بھارتی جے شاہ ایسا فیصلے کر سکتے ہیں؟
یہ بھارتی طرزِ عمل ہے ابتداء سینئر ٹیم سے اس وقت ہوئی جب اس کے کپتان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کے ساتھ ٹاس کے بعد ہاتھ ملانے سے گریز کیا،دنیا بھر میں بھارتی رویے پر تنقید ہو رہی ہے کہ کھیل شریفوں اور شرافت کا عمل ہے اس میں کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں ہے لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے اسے ایسا نہیں رہنا دیا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کرکٹ کے چیئرمین نے اپنا احتجاج فوری طور پر ریکارڈ ضرور کرایا ہو گا۔
اب ذرا کھیل میں ہار کے حوالے سے بات کر لی جائے کہ پاکستان کے شاہینوں نے جیتا ہوا میچ کھو دیا اور بھارت اپنی چالاکی اور توجہ سے یہ میچ جیت گیا۔ ہمارے سابق قومی فاسٹ باؤلر جنید خان نے بہت ٹھوس بات کی اور انڈر19 ٹیم کے کوچنگ سٹاف کو ذمہ دار قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کوچنگ سٹاف نے اپنی ٹیم کے نونہالوں کو پوری طرح راہ نہیں سمجھائی۔ جنید خان کے مطابق فرق کافی تھا اگر باؤلر درست طور پر فائدہ اٹھاتے تو بھارت کی آخری وکٹ گر سکتی تھی یا پھر وہ سکور پورا نہ کر پاتے اور میچ پاکستانی شاہینوں کے حق میں جاتا، ان کے مطابق آخری اوورز میں زیادہ دباؤ بھارتی بلے بازوں پر تھا ہمارے کوچ حضرات کو ٹیم پاکستان اور کھلاڑیوں کو رائے دینا چاہئے تھی کہ وہ آخری اوورز میں تیز اور شارٹ گیندوں سے گریز کریں اور”بلاک ہول“ میں سلو گیند کروائیں کہ زیادہ پریشر بھارتی کھلاڑیوں پر تھا اور آخری وکٹ حاصل کی جا سکتی تھی ہمارے باؤلرز کی طرف سے روایتی کھیل کھیلا گیا اور متعدد شارٹ بال کرا کے سکور کرا لیا۔
میرے خیال میں جنید خان کا تجزیہ درست ہے کہ ہمارے سپن باؤلر نقاب کو تو آخری اووروں میں بھی وکٹ مل گئی تھی اور اسی وکٹ کے گر جانے پر اس کا فیصلہ پاکستان ٹیم کے حق میں ہوتا، لیکن یہ کچھ نہ کیا گیا اور میچ ہاتھ سے نکل گیا، اب لازم ہے کہ کھیل کا مکمل تجزیہ کیا جائے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور ٹیم کی بہتری کے اقدامات ہوں،نوجوانوں نے بڑی ہمت اور حوصلہ سے فائنل تک رسائی حاصل کی اور جیتنے کی بھی بھرپور کوشش کی، کھلاڑی پوری طرح داد کے مستحق ہیں۔

