واشنگٹن:آج 2خالی ایرانی ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا:سینٹ کام

واشنگٹن(بین الاقوامی میڈیا)امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ آج دو ایرانی پرچم بردار خالی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بیان کے مطابق دونوں ٹینکرز مبینہ طور پر ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سفر کر رہے تھے۔ امریکی فوج نے کہا کہ ایک تیسرا ایرانی ٹینکر بھی غیر فعال کر دیا گیا ہے، اور یہ تینوں جہاز اب ایران کی سمت سفر نہیں کر رہے۔

اس سے قبل خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے اطراف میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جہاں دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے۔ایران کی جانب سے امریکی بحری جہازوں پر حملے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جبکہ ایرانی فوجی ترجمان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ کارروائی امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی۔

دوسری جانب امریکی سینٹ کام نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کے جزیرہ قشم اور بندر عباس کے قریب علاقوں میں کارروائی کی گئی، اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی اقدامات ایران کی مبینہ جارحیت کے جواب میں تھے۔خطے میں کشیدگی بڑھنے کے ساتھ صورتحال مزید غیر یقینی ہوتی جا رہی ہے، جبکہ دونوں ممالک ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کر رہے ہیں۔