واشنگٹن( امریکی حکام، امریکی میڈیا)امریکا کے ایران پر حملوں اور ایران کی جانب سے قطر، کویت، بحرین اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ مسائل کے سفارتی حل کیلئے پُرعزم ہے اور رابطوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق پاکستان اور قطر ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے ایران اور امریکا کو دوبارہ باضابطہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اگر ایران بات چیت کرنا چاہتا ہے تو کرے، تاہم ان کے خیال میں اس سے زیادہ توقعات وابستہ نہیں کی جا سکتیں۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر امریکی مذاکرات کار بات چیت کا عمل جاری رکھنا چاہیں تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم انہیں ان مذاکرات کی کامیابی سے زیادہ امید نہیں۔

