واشنگٹن:بات چیت سے انکار پر ٹرمپ کی ایران پر شدید تنقید

واشنگٹن(نیٹ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کسی بھی قسم کی براہِ راست بات چیت پر رضامند نہ ہونے پر ایران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی صرف عمان کے ساتھ معاملات کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی قیادت پر دوغلا رویہ اختیار کرنے کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی پہلے ملاقات کی درخواست کرتے ہیں، جسے بعض لوگ منت سماجت بھی قرار دے سکتے ہیں، پھر مذاکرات شروع ہوتے ہیں اور کئی امور پر پیش رفت بھی ہوتی ہے، لیکن اس کے بعد وہ یہ کہنا شروع کر دیتے ہیں کہ وہ کسی قسم کی بات چیت نہیں کر رہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی کہتے ہیں کہ کسی معاملے پر کوئی گفتگو نہیں ہو رہی اور وہ صرف عمان کے ساتھ معاملات نمٹا رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی ایک بار پھر یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ آبنائے ہرمز کا انتظام وہ خود سنبھالیں گے، حالانکہ آبنائے ہرمز پر امریکی بحریہ کا مکمل کنٹرول ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک امریکا نہ چاہے، ایران تک کوئی چیز نہیں پہنچ سکتی۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران مانے یا نہ مانے، جب تک وہ مکمل طور پر ہتھیار نہ ڈال دے یا کوئی معاہدہ نہ ہو جائے، امریکا ایران تک کسی چیز کی رسائی نہیں ہونے دے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاملہ انتہائی سادہ ہے، ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔