واشنگٹن:ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان

واشنگٹن(رائٹرز، فوربز، دی نیشنل)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں عائد بحری ناکہ بندی ختم کی جا رہی ہے اور وہاں پھنسے جہاز اب واپسی کا عمل شروع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اس بات پر متفق ہونا ہوگا کہ وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار یا ایٹم بم حاصل نہیں کرے گا جبکہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر بغیر کسی محصول کے عالمی بحری آمد و رفت کے لیے کھولنا ہوگا۔

وائٹ ہاؤس میں گفتگو اور اپنے سوشل میڈیا بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی افزودہ یورینیم، جسے انہوں نے ’’جوہری باقیات‘‘ قرار دیا، گزشتہ امریکی حملوں کے بعد گہرائی میں دفن ہے اور اسے نکال کر تباہ کرنے کیلئےایران اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون کیا جائیگا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں موجود آبی بارودی سرنگوں کو ہٹایا جائیگا اور امریکی بحریہ پہلے ہی متعدد سرنگوں کو تباہ کر چکی ہے۔ ان کے مطابق باقی ماندہ سرنگوں کو ختم کرنے کی ذمہ داری ایران پر ہوگی تاکہ عالمی جہاز رانی بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ دیگر کئی معاملات پر بھی پیش رفت ہو چکی ہے اور وہ وائٹ ہاؤس کے سیچویشن روم میں مجوزہ معاہدے سے متعلق حتمی فیصلہ کرنے کیلئے اجلاس کر رہے ہیں۔ تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اس مجوزہ سمجھوتے کی بعض تفصیلات پر اختلاف اور تحفظات بھی سامنے آئے ہیں، جس کے باعث مذاکراتی عمل ابھی مکمل طور پر اختتام پذیر نہیں ہوا۔