واشنگٹن:ڈونلڈٹرمپ نے آبنائے ہرمز آپریشن عارضی طور پر روک دیا

واشنگٹن ( بین الاقوامی میڈیا، صدارتی بیان، امریکی حکام)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کیلئے جاری فوجی آپریشن “پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی درخواست اور ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے میں نمایاں پیش رفت کے باعث کیا گیا ہے تاکہ اس معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ “پروجیکٹ فریڈم” کو مختصر مدت کیلئے معطل کیا گیا ہے تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیا ایران کے ساتھ مکمل اور حتمی معاہدہ طے پا سکتا ہے یا نہیں، تاہم ایران کے خلاف ناکہ بندی بدستور برقرار رہے گی۔

امریکی حکام کے مطابق اس آپریشن کا مقصد خلیج میں پھنسے ہزاروں ملاحوں اور تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنا تھا، کیونکہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تقریباً 23 ہزار ملاح متاثر ہوئے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ اقدام دراصل ان ملاحوں کو بچانے کیلئے تھا جو خطرناک صورتحال میں پھنسے ہوئے ہیں اور مختلف ممالک کے جہاز اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے اس آپریشن کیلئے جنگی جہاز، طیارے اور ہزاروں فوجی اہلکار تعینات کیے تھے، جبکہ ماہرین نے اس کی کامیابی پر شکوک کا اظہار بھی کیا تھا۔ٹرمپ کے اعلان کے بعد عالمی منڈیوں میں مثبت ردعمل دیکھا گیا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ممکنہ معاہدہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور توانائی کی ترسیل بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔