واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی میٹنگ طلب کرلی

واشنگٹن(اے ایف پی، رائٹرز)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی سے متعلق اہم میٹنگ طلب کرلی، جس میں نائب صدر جے ڈی وینس اور خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف بھی شریک ہوں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق میٹنگ میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ، سی آئی اے کے سربراہ جان ریٹکلیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین کی شرکت کا بھی امکان ہے۔خبر ایجنسی نے دو امریکی اہلکاروں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران پر دباؤ بڑھانے اور نیوکلیئر پروگرام پر رعایتیں حاصل کرنے کیلئے ممکنہ فوجی آپشنز پر غور کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زیر غور آپشنز میں پراجیکٹ فریڈم بحال کرنے یا ایران میں باقی اہداف پر حملے شامل ہوسکتے ہیں۔صدر ٹرمپ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ جنگ بندی لائف سپورٹ پر ہے، جبکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے نیوکلیئر ذرات صرف امریکا اور چین ہی بازیافت کرسکتے ہیں کیونکہ صرف انہی دو ممالک کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے۔