اسلام آباد (وزیراعظم آفس، رائٹرز، اے ایف پی)وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 50 منٹ تک گفتگو جاری رہی۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق گفتگو میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اور عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کی آمد کا خیرمقدم کیا۔
اعلامیے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں وزیراعظم کے ساتھ دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی شامل تھی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ ایرانی صدر نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور امن کیلئےایران کے عزم کا اظہار کیا۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعظم نے بھی خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل کے دورۂ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونیوالی بات چیت کو بھی سراہا اور آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔دوسری جانب اسحاق ڈار سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کا بھی رابطہ ہوا، ایران اور امریکا کے درمیان ایٹمی معاملے پر جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

