وزیراعظم شہباز شریف اور عاصم منیر زبردست شخصیات ہیں:ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں زبردست شخصیات قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور اس کی قیادت کا شکریہ، شہباز شریف اور عاصم منیر قابلِ ستائش رہنما ہیں جنہوں نے اہم مواقع پر مثبت کردار ادا کیا۔

اپنے بیان میں امریکی صدر نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا بھی بہادری اور تعاون پر شکریہ ادا کیا، جبکہ نیٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر یہ ادارہ مؤثر کردار ادا نہیں کر پاتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ آبنائے ہرمز اب مکمل طور پر کاروبار اور آمدورفت کے لیے کھلی ہے، تاہم ایران کے ساتھ مکمل معاہدہ ہونے تک بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال میں بہتری کے بعد نیٹو کی جانب سے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں نیٹو کو دور رہنا چاہیے، جبکہ ان کے بقول ایران نے امریکا کے ساتھ مل کر سمندری بارودی سرنگیں ہٹا دی ہیں یا ہٹا رہا ہے۔