اسلام آباد ( رائٹرز، اے ایف پی، بی بی سی، الجزیرہ)وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ملاقات کی، جس میں اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی نائب صدر کے ہمراہ تھے۔
ملاقات کے دوران خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جبکہ پاکستان نے سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے وفود کی تعمیری اور مثبت انداز میں مذاکرات میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عمل خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے باہمی اعتماد و تعاون کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔اعلامیے کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

