وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے

لندن (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے 2 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کی صبح اسلام آباد سے خصوصی طیارے میں روانہ ہوئے، طیارے کی ایندھن بھرائی کیلئے وفد نے استنبول میں تقریباً 2 گھنٹے قیام کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ قیام کے بعد لندن سے امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جبکہ دورے کے دوران عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی امریکا جائیں گے۔ وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف اور ملکی ترجیحات پیش کریں گے۔