وزیراعظم مارک کارنی نے برامپٹن میں کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ کا آغاز کردیا

برامپٹن(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم مارک کارنی نے برامپٹن ساؤتھ میں واقع چالو فریش کو اسٹور کا دورہ کرتے ہوئے نئے کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا، جس کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روزمرہ ضروریات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثرہ لاکھوں کینیڈین شہریوں کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حکومت کی جانب سے اہل شہریوں کو ایک مرتبہ ملنے والی جی ایس ٹی اور ایچ ایس ٹی اضافی ادائیگیوں کا اجرا بھی 5 جون سے شروع ہو چکا ہے، جس کے تحت تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ کینیڈین شہریوں کو براہ راست مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

برامپٹن ساؤتھ سے رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہا کہ حکومت بخوبی جانتی ہے کہ بہت سے خاندان مہنگی اشیائے خورونوش اور روزمرہ اخراجات کے باعث مالی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، اسی لیے فوری ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طویل المدتی معاونت کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ضرورت مند شہریوں کو بروقت مالی مدد حاصل ہو تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔

حکومت کے مطابق ایک مرتبہ دی جانے والی جی ایس ٹی اور ایچ ایس ٹی اضافی ادائیگی نئے بینیفٹ پروگرام کی منتقلی کے مرحلے کا حصہ ہے، جس کے تحت گھریلو آمدنی اور خاندان کے حجم کی بنیاد پر اہل افراد کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

جولائی سے اس نئے پروگرام کے تحت ہر تین ماہ بعد بڑھائی گئی مالی ادائیگیاں کی جائیں گی، جس سے اہل خاندانوں کو اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی خریداری کیلئے مستقل اور قابل اعتماد مالی سہارا ملے گا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ کی اضافی ادائیگی اور سہ ماہی بنیادوں پر بڑھائے گئے فوائد کے ذریعے کینیڈین خاندان اس سال اشیائے خورونوش اور ضروری اخراجات میں مجموعی طور پر ایک ہزار آٹھ سو نوے کینیڈین ڈالر تک کی بچت کر سکیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدفی مالی معاونت حکومت کے وسیع تر مہنگائی سے نمٹنے کے منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے شہریوں کو روزمرہ زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

سونیا سدھو نے مزید کہا کہ آج جاری کی جانے والی ادائیگیاں مہنگائی کے دباؤ کا شکار شہریوں کے لیے بامعنی اور بروقت ریلیف فراہم کر رہی ہیں، جبکہ کینیڈا گروسریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ نہ صرف فوری مدد فراہم کرے گا بلکہ مستقبل میں مضبوط اور پائیدار معیشت کی تعمیر میں بھی معاون ثابت ہوگا تاکہ شہری اس کے ثمرات اپنی روزمرہ زندگی اور خریداری کے وقت براہ راست محسوس کر سکیں۔